101

ملکی صورتحال سے ترقی کا عمل متاثر ہونیکا خدشہ ہے‘ احسن اقبال 

اسلام آباد ۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں ایسے اقدامات اور واقعات ہو رہے ہیں جس سے وہ تمام ترقی جو گذشتہ چار سال میں کی گئی ہے اس میں خلل پڑنے کے بھی اندیشے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کو ترقی دینے کے لئے تیز رفتاری سے کام کریں اور اس تیز رفتاری کو برقرار رکھنے کے لئے ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل بے حد ضروری ہے، ملک کو کسی خلفشار اور انتشار سے بچا کر رکھنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا ملک کا دفاع ضروری ہے، روات روڈ پر میٹرو بس سروس کا منصوبہ شروع کیا جائے گا اور آئندہ مالی سال میں اس منصوبہ پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ماس ٹرانسپورٹ کا نظام بنانے اور ایئرکنڈیشنڈ بس سروس شروع کرنے کے لئے بھی ہدایات دی ہیں جبکہ اسلام آباد کے لئے ایک بڑا ہسپتال بنانے کی بھی منظوری دی ہے۔ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے جمعرات کو اسلام آباد کی ماڈل جیل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے لئے اس وقت سب سے بڑا چیلنج پانی کی کمی کا ہے۔

یہ چیلنج اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اسلام آباد کے شہریوں میں پانی کے استعمال کے بارے میں شعور پیدا کریں اور پانی کے ضیاع کو زیادہ سے زیادہ روکیں۔ اس سلسلہ میں چیف کمشنر سے کہوں گا کہ سی ڈی اے کے ساتھ مل کر وہ پانی کی بچت کے لئے اور پانی کے بے جا استعمال کو روکنے کے لئے مناسب اقدامات کریں تاکہ آنے والے موسم گرما میں لوگوں کو پانی کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ سی سی آئی کی جانب سے دریائے سندھ سے پانی لانے کی اجازت ملنے کے بعد منصوبہ بنا کر جلد از جلد اس پر عملدرآمد کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے گی کہ سی پیک منصوبہ میں اس منصوبہ کو شامل کر کے وسائل حاصل کئے جائیں تاکہ اس منصوبہ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سفری سہولتوں کی بہتری کے لئے میں نے ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر روات روڈ پر میٹرو بس سروس کا منصوبہ شروع کیا جائے اور آئندہ مالی سال سے اس پر کام کا آغاز کیا جائے۔ اسلام آباد میں ماس ٹرانسپورٹ کا نظام بنانے کے لئے اور ایئرکنڈیشنڈ بس سروس شروع کرنے کے لئے بھی ہدایات دی ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ جلد اس پر بھی کام شروع ہو جائے گا تاکہ ہم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت دیں۔ 

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کافی کام ہو چکا ہے اور اسلام آباد کے سکول پاکستان کے لئے مثال بنتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کوئی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال نہیں تھا اور اس کا سارا بوجھ پمز ہسپتال پر تھا۔ ہم نے اسلام آْاد کے لئے ہسپتال کی منظوری دی ہے اور فنڈز دیئے ہیں۔ اس پر کام کا آغاز بہت جلد ہو جائے گا۔

اس سے صحت کی معیاری سہولت فراہم ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام منصوبوں کا مقصد اسلام آباد کو ماڈل سٹی کی طرز پر تعمیر کرنا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے بھی اپنے اندر اصلاحات کا پروگرام شروع کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ بہت جلد اسلام آباد پولیس ناصرف پاکستان کی بہترین شمار ہو گی بلکہ خطہ میں اس کی کامیابی کو نمونہ کے طور پر پیش کر سکیں گے۔ آج ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کو ترقی دینے کے لئے تیز رفتاری سے کام کریں اور اس تیز رفتاری کو برقرار رکھنے کے لئے ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل بے حد ضروری ہے۔

ملک کو کسی خلفشار اور انتشار سے بچا کر رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا ملک کا دفاع ضروری ہے چونکہ جس ملک میں اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی جگہ انتشار اور خلفشار آ جاتا ہے اس ملک کی ترقی کا پہیہ رک جاتا ہے اور جب تک کا پہیہ رک جائے تو اس ملک کا دفاع بھی ناقابل تسخیر نہیں رہتا۔