265

تعلیمی اداروں میں حادثات سے نمٹنے کیلئے تربیتی مشقیں

پشاور۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے صوبے کے نوجوانوں کو ممکنہ حادثات،دہشتگردی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔خیبرپختونخوا کے 14اضلاع جن میں پشاور،چارسدہ،مردان،صوابی،ڈی آئی خان ،شانگلہ،ملاکنڈ،چترال ،ہزارہ اور دیگر شامل ہیں،کے سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم بچوں نوجوانوں اور اساتذہ کو خطرات سے نمٹنے بارے تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ ان اضلاع میں 100سے زائد تعلیمی اداروں میں تربیتی مشقوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مہم کا آغا ز پشاور کے شہید اسامہ ظفرگورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سٹی نمبر 2سے کیا گیا ہے۔

گو ر نمنٹ ہا ئی سکول جوگیو اڑہ اور گو ر نمنٹ کا لج پشاور میں تربیت فراہم کی جاچکی ہے دوران تربیت طالب علموں کو زلزلے ٗسیلاب یا دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے ،آگ لگنے کے حادثات میںآگ بجھانے اور خود کو محفوظ رکھنے کے بارے میں تربیت دی جارہی ہے کسی جگہ ہونے والے دہشتگرد حملے میں خود کو محفوظ رکھنے،خطرے والے مقام سے افراد کے باحفاظت انخلاء اور خطرات کے دوران محفوظ جائے پناہ کے حوالے سے تربیت بھی ان مشقوں کا حصہ ہے۔ابتدائی طبی امداد کے رہنما اصول بھی دوران تربیت سکھائے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی حادثات کی صورت میں اپنی مدد آپ کے تحت ابتدائی طبی امداد کے ذریعے لوگوں کی جان بچائی جاسکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے محمد شکیل کے مطابق قدرتی آفات یاحادثات میں زیادہ تر نقصانات بھگدڑ مچ جانے کے باعث ہوتے ہیں،اکتوبر2005کے زلزلے میں سکولوں اور تعلیمی اداروں میں طالبعلموں کی اموات ہوئی تھیں۔

،دھکم پیل ،بھگدڑ اور حواس باختگی سے جانی نقصانات کا اندیشہ ہوتا ہے اس لیے مستقبل میں ایسے واقعات کے دوران جانی نقصان کے خدشے کو کم کرنے کے لیے پی ڈی ایم اے نوجوانوں کو آگاہی فراہم کررہی ہے اور عملی مشقوں کی صورت ایسی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دی جارہی ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے شروع کردہ تربیتی مشقوں کا پہلا فیز جون 2018تک جاری رہے گا جبکہ موسم گرم کی تعطیلات کے بعد ان مشقوں کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ دوران تربیت سکولوں کالجوں اورجامعات میں عوامی آگاہی پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائینگی تاکہ نوجوان انکی بدولت خطرناک صورتحال سے نکلنے کے طریقوں کو سمجھ سکیں اسکے علاوہ تمام اضلاع میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کی غرض سے معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جائینگے تاکہ مستقبل میں ہونے والے حادثات میں نقصانات کا اندیشہ کم سے کم ہوسکے۔