218

ٹیسٹنگ ایجنسی کو اُمیدواروں کیلئے سہولیات فراہمی کا حکم

پشاور۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ایجو کیشنل ٹیسٹنگ ایوالویشن ایجنسی(ایٹا)کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ پیشہ ورانہ کالجوں میں داخلوں کیلئے امتحانات کاطریقہ کار زیادہ شفاف بنانے کے علاوہ طالب علموں کوبہتر امتحانی حال، پانی، پنکھوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا بھرپور خیال رکھا جائے باالخصوص امتحان دینے والی طالبات کی سہولت کا خاص اہتمام کیا جائے اس بارے میں آئندہ کسی بھی شکایت کا صوبائی حکومت سخت نوٹس لے گی ۔

انہوں نے ایٹا ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کی دور دراز علاقوں سے آمد اور سفری مشکلات کے پیش نظر نئے امتحانی سیشن سے صوبائی دارالحکومت کے علاوہ مردان، کوہاٹ، چکدرہ اور ایبٹ آباد سمیت بڑے ڈویژنل ہیڈکوارٹر شہروں کی یونیورسٹیوں میں ایٹا ٹیسٹ کا بندوبست کرنے کی منظوری بھی دی جس سے طلباء کو آسانیاں مہیا ہونے کے علاوہ امیدواروں کی تعداد تقسیم ہونے کے سبب امتحانی انتظامات میں بھی سہولت ہوگی انہوں نے اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر اور فول پروف استعمال کی ہدایت بھی کی اسی طرح انہوں نے ایٹا کی ری سٹرکچر نگ اور استعداد کار میں اضافہ کے پلان کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایٹا کے تحت امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے مطلوبہ سٹاف، کیمروں کی تنصیب ، فیس ریڈنگ میکنزم، بائیو میٹرک سسٹم اور دیگر ضروریات ہر قیمیت پر پوری ہونی چاہئے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایٹا کو سال بھر ٹیسٹنگ کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ اس مقصد کیلئے مطلوبہ استعداد پیدا کریں۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایٹا کے بورڈ آف گورنرز کے 27ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی،ایٹا سربراہ، محکمہ صحت اور اعلیٰ تعلیم کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنر کے سابقہ اجلاس کی سفارشات کی منظوری بھی دی گئی۔ اس موقع پر اجلاس کو سابقہ اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد ، ایٹاکی آمدنی، اخراجات اور دیگر اُمور پر بریفینگ بھی دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بہتر انتظامات کے سبب اب انجینئرنگ اور میڈیکل کے اُمیدواروں کا انٹری ٹیسٹ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر نتائج کا اعلان کر دیا جاتا ہے وزیراعلیٰ نے ایٹا کی استعداد میں اضافہ کیلئے مطلوبہ ضروریات کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈاکومنٹس شارٹ لسٹنگ کیلئے بھی پلان وضع کریں۔ انجینئرنگ میں کوالیفائی مارکس کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایٹا مکمل نتائج متعلقہ ادارے کے حوالے کرے ۔ پاس یافیل کا فیصلہ ادارہ خود کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے امتحانی نتائج کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی ایک ماہ کے اندر ٹیسٹ کے انعقاد کیلئے مناسب حل نکالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی میں ٹیسٹ کے انعقاد کیلئے مناسب جگہ اور ماحول کا انتظام کیا جائے تاہم انہوں نے امیدواروں کے بہتر انتظامات کے تحت کسی ہوٹل یا نجی عمارت کے ایئرکنڈیشنڈ ہال میں ایٹا ٹیسٹ کے انعقاد کی تجویز سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے امیدواروں پر مالی بوجھ میں اضافے کے علاوہ امتحانی سیکریسی آؤٹ ہونے سمیت لا تعداد نئے مسائل جنم لینگے اس لئے ایٹا ٹیسٹ کیلئے یونیورسٹیوں کے اندر ہی کسی کھلے میدان یا خراب موسم کی صورت میں تمام سہولیات کے ساتھ مناسب ہالوں کا بندوبست ہونا چاہئے وزیراعلیٰ نے بورڈ آف گورنر میں دو مزید ممبران کی شمولیت اور محکمہ قانون سے بھی ممبر لینے کی منظوری بھی دی انہوں نے ایٹا ملازمین کیلئے اعزازیہ اور مراعات سے متعلق واضح کیا کہ آئندہ ایٹا کی آمدنی اور اخراجات کو دیکھ کر مراعات اور پیکج پر نظر ثانی کا فیصلہ ہوگا۔