135

سرکاری حج سکیم میں تاخیر ٗ بینکوں کو یومیہ کروڑوں کا منافع

اسلام آباد ۔ ۔سرکاری سکیم کے تحت حج درخواست گزاروں کی جمع رقوم پر قومی بینکوں کو یومیہ ایک کروڑ 65 لاکھ سے زائد منافع ہو رہا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حج قرعہ اندازی 26 جنوری کو ہونا تھی۔ حج پالیسی میں حج کوٹے کی تقسیم کو لاہور ‘ سکھر اور سندھ ہائی کورٹس میں پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز نے چیلنج کررکھا ہے جس کی وجہ سے حج قرعہ اندازی تاخیر کا شکار ہے۔

وزارت مذہبی امور نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے کہ تمام مقدمات کو یکجا کرکے اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت مذہبی امور کے موقف کو سنا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس کیس کی تاریخ کا تعین نہیں ہوا۔ حج قرعہ اندازی میں تاخیر کی وجہ سے حاجیوں کی بینکوں میں جمع اربوں روپے کی رقوم پر یومیہ ایک کروڑ 65 لاکھ سے زائد منافع ہو رہا ہے۔

قرعہ اندازی میں جتنی مزید تاخیر ہوگی اس کا فائدہ بینکوں کو ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حج آپریشن میں تاخیر سے مسائل پیدا ہوں گے جبکہ خطہ کے دیگر ممالک نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔