93

فاٹا انضمام کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم

اسلام آباد۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر ان چیمبر سماعت کی، جہاں عمران خان کی جانب سے بابر اعوان سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے گزشتہ برس 22 نومبر کو سپریم کورٹ میں وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے متعلق درخواست جمع کرائی تھی جسے رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر مسترد کردیا تھا۔