352

خیبر پختونخوا میں مراکز صحت کو کروڑوں کے آلات فراہم

پشاور۔غیر سرکار ی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ نے مراکز صحت کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے کے آلات ضلعی حکومت کے حوالے کردئیے‘ گزشتہ روز ضلع کونسل ہال پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان ‘ ضلع نائب ناظم سید قاسم علی شاہ ‘ ڈائریکٹر کوارڈنیشن صاحبزادہ محمد طارق ‘ہیلپنگ ہینڈ کے ڈائریکٹر شکیل احمد ‘ ڈی ایچ اوڈاکٹر گل محمد ‘الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر و ڈسٹرکٹ ممبر خالدو قاص ‘ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین شمس الباری ‘ ممبر عالمزیب خان ‘ضلع کونسل کے ڈسٹرکٹ ممبران ‘ افسران نے شرکت کی ۔

تقریب میں غیر سرکاری تنظیم ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے ضلعی حکومت کو مراکز صحت کی حالت زار بہتر بنانے اور دوردراز علاقوں میں عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے کے آلات ضلعی حکومت کے حوالے کئے گئے۔

اس موقع پر ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے ضلعی حکومت کو خطیر رقم کے آلات کی فراہمی پر ہیلپنگ ہینڈ کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے آلات کی فراہمی ضلعی حکومت پر اعتماد کی علامت ہے جس کی وجہ سے مراکز صحت کی حالت زار بہتر بناکر عوام کو انکی دہلیز پر صحت کے بہترین سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی انہوں نے مزید کہاکہ ضلع پشاور کے تمام مراکز صحت کو شمسی توانا ئی پر منتقل کئے جارہے ہیں جو کہ ایک انقلابی قدم ہے۔