286

بی آر ٹی منصوبہ ٗ سٹی پٹرول فورس کو خصوصی ٹاسک حوالے

پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں سٹریٹ کرائمز کی روک تھام اور کسی بھی ہنگامی صورت میں شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی کیلئے قائم ’’سٹی پٹرول فورس ‘‘ کے اہلکاروں کو ریپڈ بس منصوبے کی تکمیل تک ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی ٹاسک حوالے کردیاگیا ہے سٹی پٹرول فورس کے اہلکار بی آر ٹی روٹس پر تعینات ٹریفک اہلکاروں کی معاونت کرینگے جبکہ حادثات میں زخمی ہونیوالے شہریوں کو بھی طبی امداد کی فراہمی سمیت سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے گے۔

اس ضمن میں ڈی ایس پی سٹی پٹرول فورس عثمان خان کا کہناتھاکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین محسود اور چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور محمد طاہر خان کی ہدایت پر بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل تک سٹی پیٹرول فورس کے اہلکار مختلف مقامات پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مصروف ہیں جبکہ دوسری جانب سکول بچوں کو بحفاظت سٹرک عبور کروانے سمیت دیگر قوانین کے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف مقامات پر حادثات ٗ مسافر و شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر تبدیلی سمیت دیگر واقعات کے پیش نظر سٹی پٹرول فورس کے اہلکار اپنی خدمات پیش کررہے تھے جس کی بدولت شہری ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ڈی ایس پی عثمان خان کا کہناتھاکہ سٹی پٹرول فورس کی جانب سے شہر بھر میں سٹریٹ کرائمزکی روک تھام کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے شہریوں سے فورس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے ۔