86

وزیر خارجہ ہم منصب کی دعوت پر روس روانہ

اسلام آباد۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف چار روزہ دورہ پر روس روانہ ہوگئے،دورے کے دوران وہ اہم سرکاری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے‘ ‘ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ملکوں کے مابین سیاسی‘ معاشی اور تجارتی تعلقات وسیع ہوں گے، روس کو ہماری خارجہ پالیسی میں اہم مقام حاصل ہے‘ روس پاکستان تعلقات تمام شعبوں میں بتدریج مضبوط ہورہے ہیں۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف روس کے چار روز دورے پر ماسکو روانہ ہوگئے۔

انہیں اس دورے کی دعوت روسی ہم منصب سرگئی لاروف نے دی ۔ وزیر خارجہ اپنے دورہ کے دوران روس کی سرکاری شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے اور ان سے باہمی دلچسپی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ کے دورے سے سیاسی‘ معاشی اور تجارتی تعلقات وسیع ہونگے اور سرمایہ کاری‘ تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روس کو ہماری خارجہ پالیسی میں اہم مقام حاصل ہے۔

پاکستان روس تعلقات تمام شعبوں میں بتدریج مضبوط ہورہے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلے ہورہے ہیں۔ وزیر خارجہ دورہ مکمل کرکے 22 فروری کو وطن واپس پہنچیں گے۔