265

تمباکو کاشتکاروں کے مسائل مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنیکا عندیہ 

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ کے تمباکو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمباکو کاایشو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اس سلسلہ میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر سرگرم ہوگئے ہیں ذرائع کے مطابق تمباکو کاشتکاروں کے بڑھتے مسائل کے بعدپہلے مرحلہ یہ معاملہ صوبائی اسمبلی میں اٹھایاجائے گا جہاں اس کے لیے ایوان کی خصوصی کمیٹی بنائے جانے کاامکان ہے جس کی سربراہی سپیکر صوبائی اسمبلی خودکریں گے اس کمیٹی میں مستقبل کالائحہ عمل تیار کیاجائے گا ذرائع کے مطابق سپیکر نے یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھانے کے لیے لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے اور واضح کیاہے کہ اب کاشتکاروں کو تنہانہیں چھوڑا جائے گا ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کونسل میں تمباکو بورڈ کا کردار بھی زیر بحث لائے گی صوبائی حکومت کے مطابق بورڈ میں نہ تو کاشتکاروں اورنہ صوبائی حکومت کی نمائندگی موجودہے سپیکر نے اس معاملہ پر اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتمادمیں لینے کافیصلہ کیاہے۔