159

دوران حج خواجہ سراؤں کی رضاکارانہ خدمات لینے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ملکی تاریخ میں پہلے بار خواجہ سرا حج کے دوران رضاکاروں کی حیثیت سے خدمات انجام دینے سعودی عرب بھیجے جائیں گے۔حج کیلئے رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیم کے سربراہ عاطف امین کے مطابق رواں سال حج کیلئے نوجوان خواجہ سراؤں کو خدام الحجاج کی حیثیت سے سعودی عرب بھیجنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

خواجہ سراؤں کو سندھ میں قائم 150 بوائز اسکاؤٹ پر مشتمل ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔اس اقدام کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے تنظیم کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔عاطف امین کے مطابق باقی تین صوبوں سے بھی دو یا تین خواجہ سرا کو منتخب کر کے ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔ حال ہی میں سندھ سے40نوجوان خواجہ سراؤں نے ملک کی سب سے بڑی رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیم ’پاکستان بوائزسکاؤٹس ایسوسی ایشن ‘میں شمولیت اختیار کی ہے۔

تنظیم میں شمولیت کا طریقہ کار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدام الحجاج کے طور پر کام کرنے کے لئے ایک ٹیسٹ اور جسمانی تربیت درکار ہوگی جس کے بعد کامیاب امیدواروں کی فہرست حتمی منظوری کے لئے وفاقی وزارت مذہبی امور کو بھیجی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خواجہ سراؤں کی سماجی قبولیت، اعتماد دینا، محفوظ محسوس کرنا اور مستقبل میں آگے بڑھنے کا موقع دینا ہے۔