121

عوام کو ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرنی ہوگی، نواز شریف

شیخوپورہ: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنے ووٹ کی حفاظت کرنی ہے، جو ووٹ مسلم لیگ (ن) کے باکس میں نہیں جائے گا وہ عوام کے ووٹوں کے تقدس کے خلاف جائے گا۔

شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے سوال کیا جائے کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور پشاور میں سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں اور ان شہروں کی حالتِ زار ہے، جبکہ شہباز شریف نے لاہور کو پاکستان کا خوبصورت ترین شہر بنادیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ کے ساتھ مل کر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مثالی کام کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر عوام ملک میں بجلی، پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات چاہتے ہیں تو انہیں ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرنی ہوگی۔

نواز شریف نے اپنے ہاتھ میں 10، 50، 100، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹ ہاتھ میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ کوئی یہ ثابت کردے کہ میں نے کبھی اتنے روپے کی رشوت لی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے جرم میں وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے نکالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ'مخالفین مجھ سے انتقام لینا چاہتے ہیں، انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ نواز شریف ڈرنے والا نہیں ہے اور نہ ہی کبھی گھبرائے گا'۔