710

پولیس اہلکاروں کو خفیہ کیمرے فراہم کرنیکا فیصلہ

کوہاٹ۔کوہاٹ میں ٹریفک قوانین کی موثر عملداری اور مانیٹرنگ کیلئے پولیس اہلکاروں کو خفیہ کیمرے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ بغیر ہیلمٹ اور بلا نمبر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے شہر کے ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے،ٹریفک قوانین کی شفاف عملداری یقینی بنانے اور ٹرانسپورٹر زکی شکایات کے پیش نظر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی مانیٹرنگ اور استعداد کار کو بہتر بنانے کے حوالے سے جامع اقدامات اٹھاتے ہوئے ٹریفک سٹاف کے تمام پولیس اہلکاروں کو خفیہ کیمرے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں کے یونیفارم میں نصب ان کیمروں کو خود کار نظام کے تحت سنٹرلائیز کرکے کمپیوٹرائزڈڈیٹا بیس سے منسلک کیا جائے گا جسکے ذریعے ضلعی پولیس سربراہ خود اور انکے ماتحت ذمہ دار پولیس افسران ٹریفک پولیس اہلکاروں کے نقل وحرکت کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گے۔دریں اثناء ضلع بھر میں بغیر ہیلمٹ اور بلا نمبر موٹر سائیکلیں چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جسمیں ضلعی پولیس اور ٹریفک سٹاف نے شہر کے مختلف شاہراہوں پربھر پور کاروائی کے دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 595موٹر سائیکل سواروں کو چیکنگ کیلئے روکا اور اس دوران مختلف خلاف ورزیوں پر 385افراد کو چالان کیا گیا ۔چالان کئے گئے زیادہ تر افراد میں بغیر نمبر پیلٹ اور ایپلائیڈ فار موٹر سائیکل چلانے والوں کی ہے جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 70افراد کو بھی قانون کے مطابق چالان کیا گیا ہے۔