105

تحریک انصاف کیخلاف پروپیگنڈے بلاجواز ہیں ٗ عاطف خان

پشاور۔صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان کی زیرصدارت ضلع مردان کے ضلعی اور تحصیل کونسل کے ممبران اور پی ٹی آئی تنظیموں کا اجلاس ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی مجاہد خان، علی محمد خان، رکن صوبائی اسمبلی زاہددرانی، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنماؤں عمرفاروق کاکاخیل، انجینئر عادل نواز، خطاب باچا اور پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاطف خان نے کہاکہ جس طرح لوگ جوق درجوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اورپاکستان تحریک انصاف کا گراف روز بروز بڑھ رہاہے اس سے ثابت ہوتاہے کہ عوام ہمارے قائد عمران خان اورپاکستان تحریک انصاف سے مطمئن ہیں اور تمام سیاسی پارٹیوں کا مستقبل تاریک نظر آرہاہے۔

جس کی وجہ سے مردان میں عوامی نیشنل پارٹی سیاسی مقاصد کے حصول اور اپنے تاریک سیاسی مستقبل کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دورحکومت میں پولیس اورصحت کے شعبوں میں بے پناہ اصلاحات کی گئی ہیں اور پولیس میں سیاسی اثر ورسوخ کو ختم کردیاگیاہے۔ پولیس کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے غریب عوام کے مسائل حل ہورہے ہیں۔ اس لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خان خوانین پولیس کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔ مردان پولیس نے عاصمہ قتل کیس کا معاملہ 25 دنوں کے اندر بہترین طریقے سے حل کیا۔

مگر ضلع ناظم مردان حمایت مایار اپنے سیاسی مقاصد کیلئے پولیس اورحکومت کے خلاف مظاہرے کر تے رہے اسی طرح مردان میڈیکل کمپلیکس میں ایک مریض کی موت کو بھی اس نے اپنے تاریک سیاسی مستقبل کو بچانے کیلئے استعمال کیا اسی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنماؤں ، ضلع اورتحصیل کونسل کے ممبران اور تنظیموں کی باہمی مشاورت سے فیصلہ کیاگیا ہے کہ مردان پولیس کے حق میں اورضلع ناظم مردان حمایت مایار کے خلاف پاکستان تحریک انصاف آج 17 فروری بروز ہفتہ کالج چوک مردان میں امن ریلی کا انعقاد کرے گی صوبائی وزیر نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کے دورحکومت میں ادارے تباہ ہوچکے تھے، آج اداروں میں اصلاحات ہوچکی ہیں اس لئے ان کوتکلیف ہورہی ہے