113

آرمی چیف کی بریفنگ خوش آئند ہے، سینیٹ ارکان

 اسلام آباد: سینیٹ کے ارکان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے دی گئی تفصیلی بریفنگ اور سوالات کے جواب پر اظہار اطمینان کیا ہے۔سینیٹ کی ہول کمیٹی کے بند کمرہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد ایوان راجا ظفرالحق نے کہا کہ آرمی چیف نے سخت سوالات کا اچھے انداز میں جواب دیا،

اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے حکومتی خدشات سے متعلق آرمی چیف نے کہا کہ وہ آئین کے تابع اور جمہوریت کے ساتھ ہیں اور حکومت نے جو بھی فیصلہ کیا اسے مانیں گے۔ (ن) لیگ کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ دونوں اطراف سے کھل کر بات ہوئی، عسکری حکام کی بریفنگ اچھی روایت ہے،

اس سے ثابت ہو گیا کہ ریاست کا ایک ادارہ خود کو پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ سمجھتا ہے اور ہم مہذب قوم ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے آصف کرمانی نے بتایا کہ سینیٹ اورپاک فوج کی طرف سےخوش آئند قدم اٹھایا گیا، آرمی چیف نے سینیٹ کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار بریفنگ دی، اس سے ملکی معاملات سمجھنے میں آسانی ہوئی ہے، ایسے اقدامات مستقبل میں بھی ہونے چاہئیں۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے بتایا کہ آرمی چیف نےکہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اس سے ملک کمزور ہوتا ہے۔ ثابت ہوجائے کہ فیض آباد دھرنے کے پیچھے فوج تھی تو استعفا دے دوں گا، رات کو ٹی وی ٹاک شوز میں بیٹھنے والے دفاعی تجزیہ کار ہم نہیں بھیجتے، ہمیں قانون کے مطابق چلنا اور عوام کو جواب دینا ہے۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ آج تاریخی دن ہے کہ بالادست پارلیمنٹ کی بالادستی تسلیم کی گئی، یہ قوم کے لئے خوش خبری ہے، کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا طریقہ بات چیت ہی ہے، پارلیمنٹ اور فوج کے درمیان کھل کر گفتگو ہونا اچھی بات ہے۔