562

خیبر پختونخوا کے بجلی بقایا جات رواں سال میں ادا کرنیکا اعلان 

اسلام آباد۔حکومت نے خیبر پختونخوا کو بجلی کے خالص منافع کی مد میں تمام بقایا جات رواں مالی سال میں ادا کرنے کا اعلان کردیا ،یہ اعلان سینیٹ میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل جاوید علی شاہ نے کیا ہے ۔

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں خیبر پختونخوا کے 24 مطالبات کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پر وزارتی ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزارت خزانہ اور حکومت خیبر پختونخوا کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا۔ 1990-91ء کے معاہدے کے تحت 2015ء تک سالانہ ادائیگیاں کی جانی تھیں۔ نئے معاہدے کے تحت باقی رقم کی چار اقساط کر دی گئیں۔ ان میں سے 2015ء میں 25 ارب روپے اور 2016-17ء میں 17 ارب روپے ادا کر دیئے گئے۔ 

اس کے علاوہ بجلی کی فی یونٹ کے حساب سے بھی اکتوبر تک واپڈا نے 94.25 ارب روپے میں سے 69 ارب روپے سے زائد ادا کر دیئے ہیں جبکہ 24 ارب روپے سے زائد رقم اس وقت بقایا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق یہ رقم بھی رواں سال ادا کر دی جائے گی۔