296

سعودیہ میں مشکلات ٗخیبر پختونخوا ا سمبلی میں قرارداد منظور 

پشاور۔سعودی عرب میں پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کی گونج صوبائی اسمبلی تک پہنچ گئی اسمبلی نے پاکستانیوں کو درپیش مسائل، کفیلوں کے ظالمانہ رویہ اور ان کی غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متفقہ قرار داد کی منظوری دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے وزارت خارجہ کے ذریعے سعودی حکومت سے رابطہ کرکے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے رکن محمد علی خان نے سعودی عرب میں محنت مزدوری کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی حالت زار کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے قرار داد ایوان میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ’’ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی شہری اپنے بچوں کی کفالت کیلئے محنت مزدور کی غرض سے مقیم ہیں جو وہاں سعودی عرب حکومت اور کفیلوں کی ناانصافیوں کی وجہ سے کرب میں مبتلا ہیں۔

کفیلوں کی جانب سے ان کیساتھ ظالمانہ رویہ اختیار رکھا جارہا ہے اور ان سے سالانہ 20ہزار ریال وصول کئے جاتے ہیں، قانونی دستاویزات رکھنے کے باوجود ہزاروں پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، سعودی اداروں اور کفیلوں کی جانب سے ان سے رشوت وصول کیا جاتا ہے ، سعودی عرب میں غیر سعودی افراد کیلئے کوئی قانون موجود ہے نہ کی کفیلوں پر حکومت کی کوئی گرفت ہے اس لئے صوبائی اسمبلی وفاق سے سفارش کرتی ہے کہ وہ وزارت خارجہ کے ذریعے یہ مسئلہ سعودی حکومت کیساتھ اٹھانے سمیت سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو قانونی امداد کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔