231

مردان میں خطیر رقم سے تعمیر ہونیوالے فیملی پارک کا سنگ بنیاد

پشاور۔صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جہاں قیام امن کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں وہاں پر شہریوں کو سیر و تفریح کے اہم مواقع بھی فراہم کررہی ہیں مردان شہر میں عوام کو سیر و تفریح کی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے مختلف پارک بنائے جارہے ہیں جن میں فیملی پارک مردان ، غزی خیل پارک ، بجلی گھر میں دو لینئر پارکس، لائیو سٹاک آفس پارک ، اور 55کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پاکستان کا سب سے بڑا رنگ روڈ طور و پارک شامل ہیں۔ 

وہ 18.79ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے فیملی پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع سے ممبر صوبائی اسمبلی زاہد درانی ، حلقہ پی کے 23کے سابقہ امیدوار عمر فاروق کا کا خیل اور ضلعی کونسل کے رکن شیر بہادر نے بھی خطا ب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ فیملی پارک کے قیام میں لوگوں نے بہت روڑے اٹکائے ہیں اور وہ اس سہولت سے مردان کے عوام کو محروم رکھنا چاہتے تھے۔

مگر آج ان کے ناپاک ارادے خاک میں مل گئے ہیں سابقہ دور حکومت کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے مردان شہر میں دہشت گردی ، بد امنی ، چوری ، ڈکیتی اپنے عروج پر تھی اور لوگ پورے خیبر پختونخوا اور مردان سے نقل مکانی کررہے تھے۔ پی ٹی آئی کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے آج نہ صرف یہاں پر امن قائم ہوا بلکہ ہمارے دور حکومت میں بنائے گئے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں پورے پاکستان سے بچیاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے آرہی ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ اسی طرح مردان شہر کی بحالی اور خوبصورتی کیلئے ایک ارب روپے لگ رہے ہیں ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ مردان میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں یا ہورہے ہیں عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ انکی مخالفت کی ہے اور مسائل پیدا کئے ہیں ۔