138

خیبر پختونخوا آئل ایند گیس کا سی آر آئی سے معاہدہ

اسلام آباد ۔ خیبر پختونخواہ میں آئل اینڈ گیس کی کمپنی (کے پی او جی سی ) نے انسداد رشوت مینجمنٹ سسٹم سٹینڈرڈ سرٹیفکیشن (آئی ایس او 37001 )کیلئے سی آر آئی گروپ کی خدمات حاصل کر لیں۔ کے پی او جی سی تیل و گیس کی تلاش کیلئے خیبرپختونخواہ میں سرگرم عمل ہے۔ لندن بیسڈ سی آر آئی اپنی ساکھ، اعتماد، ملازمین ، سکریننگ، تھرڈ پارٹی رسک مینجمنٹ اور دیگر پیشہ ورانہ تحقیقاتی ریسرچ کی بدولت دنیا بھر میں مقبول ہے۔ 2016 میں سی آر آئی نے انسداد رشوت اور انسداد کرپشن سنٹر آف ایکسی لینس کی بنیاد رکھی جس کے تحت 3 پی آر ایم سرٹیفائیڈ اور 3 پی آر ایم کوالیفائیڈ ٹریننگ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کارپوریشن رضی الدین رضی کا کہنا تھا کہ 2013 سے صوبے کو تیل و گیس میں خود کفیل کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں۔آئی ایس او 37001سرٹیفکیشن کی بدولت کمپنی اپنے شراکت داروں اور صوبائی حکومت جیسے شیئر ہولڈرز کے اعتماد میں اضافہ کرے گی۔رضی الدین رضی نے مزید کہا کہ کے پی اوجی سی قدرتی وسائل کے حصول کے لیے روز اول سے مسلسل مصروف کار ہے،ہم نے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے موقع بھی پیدا کیے ہیں۔

یہ اچھے ریکارڈ کی حامل کمپنی ہے اسے کاروباری برادری میں ایک مقام حاصل ہے،کراچی سٹاک ایکسچینج کے ذریعے لندن سٹاک ایکسچینج تک کے سفر کے لئے کے پی اوجی سی کو آئی ایس او 37001 سرٹیفکیشن ہمدرد معاون ثابت ہو گا۔ رضی الدین نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کو ہمارے میرٹ اور معیار پر مکمل اعتماد ہے اور مذکورہ سرٹیفکیشن مذکورہ خصوصیات کی تصدیق ہوگی۔

نیا بنایا گیا آئی ایس او 37001 انسداد رشوت؍کرپشن مینجمنٹ سسٹم دنیا بھر کے اداروں میں لاگو ہے، اس سسٹم کی بدولت رشوت،چوری کو نہ صرف معلوم کیا جاتا ہے بلکہ ان کے خاتمے کے لئے بھی گائیڈ لائن ملتی ہیں۔سی آر آئی گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفرانجم کے مطابق آئی ایس او 37001سرٹیفکیشن کمپنیوں کے قیام،عملدرآمد میں معاون ہونے کیساتھ اداروں کے اندر انسداد کرپشن،رشوت کو بھی استحکام بخشتا ہے،ہمیں کے پی آئل اینڈ گیس کیساتھ اشتراک پر خوشی ہے،آئی ایس او 37001 سرٹیفیکیشن دنیا کے 160 ممالک میں رائج ہے۔