371

این اے 154: ن لیگ نے میدان مار لیا

لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 154 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ نواز نے پاکستان تحریک انصاف کو شکست دے دی ہے۔

تمام 338 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ نواز کے سید محمد اقبال شاہ نے 113542 ووٹ حاصل کرلیے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے علی خان ترین نے 85933 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اس طرح ن لیگ کو تحریک انصاف پر 27609 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔اس کے علاوہ آزاد امیدوار ملک محمد اظہر10  ہزار212 ووٹ لے کر تیسرے پر رہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار مرزا محمد علی بیگ صرف 3 ہزار 189ووٹ ہی حاصل کرسکے۔ضمنی انتخاب کے دوران 4 لاکھ 31 ہزار 2 ووٹرز کے لیے 338 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ این اے 154 لودھراں میں دسمبر 2015 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے جہانگیر ترین نے مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو واضح فرق سے شکست دی تھی۔

جہانگیر ترین نے ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ صدیق بلوچ نے 93 ہزار سے زائد 182ووٹ لیے تھے۔

’منفی سیاست کرنےوالوں کو شکست ہوئی‘

وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شہباز شریف نے این 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اپنی پارٹی کے امیدوار کو مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا عوام کو ن لیگی قیادت اور پالیسیوں پراعتماد ہے، ایک بار پھر امانت، دیانت اور خدمت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو شکست فاش ہوئی ہے، عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، لودھراں ضمنی انتخاب، نتائج انتشار اور منفی سیاست کرنے والوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے، مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔