101

فاروق ستار سے پارلیمانی لیڈرکا عہدہ بھی چھننے کا خطرہ

کراچی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے ڈاکٹر فاروق ستار کو رابطہ کمیٹی کے کنوینئر سے برطرف کرنے کے بعد ان کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرکے عہدے سے بھی ہٹانے کا فیصلہ کرلیا، رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کوقومی اسمبلی میں نیا پارلیمانی لیڈر تعینات کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹ کے اجراء پر ہونے والے اختلافات پر ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینئر شپ سے ہٹا دیا تھا جس کے بعد رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کو پارلیمنٹ میں نیا پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی (آج) منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کر کے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے حوالے سے انہیں آگاہ کریں گے۔