102

ملک بھر میں بارشیں ٗ سردی کی شدت میں اضافہ

اسلام آباد پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ پہاڑوں پر برفباری کے بعد سیاحوں نے وہاں کا رخ کرلیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور،گوجرانوالہ،میانوالی، بہاول پور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد، مانسہرہ ، چارسدہ، بنوں، سوات اور دیربالا میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔ 

مری میں گزشتہ شام سے ہی ہلکی برفبا ری کا سلسلہ جاری ہے اور نتھیاگلی سمیت گلیات کے بالائی علاقوں میں 18 انچ تک برف باری ہوئی جب کہ زیارت میں ڈیڑھ فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔ملکہ کوہسار مری میں دوران برف باری ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سیاح غلط اور ڈبل پارکنگ نہ کریں اور سڑک پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں۔

سی ٹی او یوسف علی شاہد کے مطابق مری میں دوران برف باری اضافی وارڈن افسران تعینات کیے ہیں، سیاح صرف پیٹرول گاڑی پر ہی مری آئیں،گاڑی کی بیٹری اچھی حالت میں رکھیں اور برف میں ٹائروں کو ٹوچین کر کے گاڑی چلائیں اور ٹوچین ساتھ لائیں۔سی ٹی او کا کہنا ہے کہ رہنمائی کے لئے مری ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 9269200۔051 پر رابطہ کریں۔