284

پشاور میں خواتین چور گرفتار ‘ لاکھوں کا مال برآمد 

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاورنے بھکاریوں کے روپ میں گھروں سے چوریاں کرنے والی 2خواتین کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضہ سے نقدی ٗ طلائی زیورات اور دیگر سامان برآمد کرلیاگرفتارخواتین نے ابتدائی تفتیش میں کئی وارداتوں کا اعتراف کرلیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے واضح رہے کہ پشاور میں گزشتہ کئی ماہ سے خواتین گروہ سرگرم ہے جو بھیک مانگنے یا چوڑیاں بیچنے کے بہانے گھروں میں گھس جاتی ہیں اور وہاں موقع دیکھتے ہی نقدی اور دیگر قیمتی سامان سمیٹ کر رفو چکر ہوجاتی ہیں۔

ڈی ایس پی صدر سرکل یاسین خان کے مطابق 8 فروری کو اللہ نور ولد انعام گل ساکن لنڈی کوتل حال الحرم ٹاؤن نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ چند نامعلوم خواتین بھیک مانگنے کے بہانے گھرمیں گھس آئیں اور کافی مہارت کے ساتھ 6 لاکھ 50 ہزار کی نقدی، 4 تولے طلائی زیورات ، گاڑی کے کاغذات اور نمبر پلیٹیں چوری کرکے فرار ہوگئیں ۔

ڈی ایس پی یاسین خان کے مطابق مدعی کی جانب سے خواتین کے بتائے گئے خاکے پر کاروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز بڈھ بیر کے علاقہ جنگلی سے واردات میں ملوث دو خواتین شکیلہ زوجہ غندل خان اور اجران زوجہ کپتان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے مال مسروقہ میں ایک لاکھ 82 ہزار 750 روپے، گاڑی کے کاغذات وغیرہ اور 2 تولے سونا برآمد کرلیا، ڈی ایس پی نے بتایا کہ مذکورہ گروہ کی دیگر اراکین کو پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے تاہم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔