265

پشاور‘ ریگی میں سر چ آپریشن کے دوران اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد 

پشاور۔پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران مکان میں زیر زمین چھپایا گیا خود کاراسلحہ، وائرلیس ، ہینڈ گرینڈزاور کارتوس برآمد کرکے ایک اشتہاری سمیت 13 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا پولیس ترجمان کے مطابق سی سی پی او طاہر خان کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز کی نگرانی میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ریگی کے علاقہ چمن کورونہ میں سرچ آپریشن کیا جس میں لیڈیز پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران اشتہاری ملزم سلیم کے مکان پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ چھاپے سے قبل ہی فرار ہوچکا تھا جبکہ اس کے دوسرے ساتھی عبدالحمید ولد عبدالخالق کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ضرب کلاشنکوف بمعہ 2 سپیر چارجز 90 عدد کارتوس ،30 بور پستول بمعہ 2 عدد سپیئر میگزین ،20 عدد کارتوس 30 بور برآمدکئے، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ اس نے مکان کے رہائشی کمرے میں ایک چارپائی کے نیچے زیر زمین کچھ اسلحہ دفن کر رکھا ہے۔

اس کی نشاندہی پر زمین کی کھدائی کی گئی تو وہاں سے پلاسٹک ڈرم سے 2 کلاشنکو ف،10 عدد میگزین ،کلاشنکوف کی 300 ضرب کارتوس ،ایک ہینڈ گرینڈ ،5 گرینڈگولے اور3 عدد وائرلیس واکی ٹاکی سیٹ برآمد کرلئے اسی طرح ملزم عثمان ولد عبدالحمید کے قبضے سے ایک ضرب 30 بور پستول بمعہ 30 عدد کارتوس برآمد ہوئے ، ترجمان کے مطابق گھر گھر تلاشی کے دوران 11 مشتبہ افراد جبکہ تحفظ مکانات ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 2افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جن کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔