270

زراعت اور ہاؤسنگ سکیموں سے معیشت بہتر کی جا سکتی ہے‘گورنر سٹیٹ بینک 

لاہور ۔ گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان طارق باجوہ نے کہا ہے کہاکہ زراعت ، ایس ایم ای اور کم قیمت ہاؤسنگ جیسے تین شعبہ جات ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کا سبب بن سکتے ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن اور میزان بینک لمیٹیڈ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیلئے منعقد کی گئی تقریب میں کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، انچارج انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن مسز ساجدہ نثار، صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر میزان بینک لمیٹیڈ عرفان صدیقی و دیگر نے شرکت کی۔

معاہدے کی رو سے دونوں فریقین مشترکہ طور پر انسٹی ٹیو ٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں ایم بی اے ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپنیورشپ پروگرام شروع کریں گے۔ یہ ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپنیورشپ دور جدید میں معیشت کی مضبوطی میں انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ ایم بی اے ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپنیورشپ پروگرام کا مقصد شعبہ بینکنگ ، اکیڈیمااور انٹرپنیورز کے مابین خلاء کو کم کرنا ہے۔

دوسری طرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سال 2018ء کو ایس ایم ای کا سال قرار دیا گیا ہے۔ اپنے خطاب میں گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ نے صنعتوں کی اہمیت بارے مفصل بیان کرنے کے ساتھ آئی بی اے پنجاب یونیورسٹی اور میزان بینک ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپنیورشپ پروگرام کے آغاز کیلئے اقدامات کو سراہا۔

مسز ساجدہ نثار نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں بہترین لیڈرز، مینجرز اور انٹرپنیورز کی پیداوار کیلئے اعلیٰ سطحی مقابلہ جاتی تعلیم کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپنیورشپ پروگرام نہ صرف پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ اس سے آئی بی اے کے طلبہ بی استفادہ کریں گے۔ 

انہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے معاونت پر میزان بینک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اکیڈیمااور بینکنگ سیکٹر کے مابین باہمی روابط کے فروغ پر مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپنیورشپ پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پروگرام مستبقل میں پاکستان میں ایس ایم ای کے شعبہ میں بہترین تربیت یافتہ انسانی وسائل فراہم کرنے میں مدد دے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر شاہد کما ل نے دونوں فریقین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپنیورشپ کی ترقی کیلئے آئی بی اے پنجاب یونیورسٹی اور میزان بینک کے فروغ کیلئے کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ ملے گا جس سے پاکستان میں بہترین پیشہ ور انٹرپنیور پیدا ہوکر ایس ایم ایس بینکنگ کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے شرکاء کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔