256

عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے ٗامیر مقام 

پشاور۔وزیراعظم کے مشیر و مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قول و فعل میں بہت زیادہ تضاد موجود ہے ٗ تحریک انصاف نے دھرنوں اور سڑکوں پر احتجاجی سیاست متعارف کرانے کے سوا اور کچھ بھی نہیں کیا ٗ2018ء کے عام انتخابات میں لوگ کارکردگی کی بنیاد پر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ عمران خان تو احتساب کے حوالے سے بھی دوہرا معیار رکھتے ہیں اور اپنے حکومتی صوبے میں کسی ایک بھی شخص کا احتساب کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخواہ میں تیز رفتار اور شفاف احتساب کا دعویٰ تو کرتے ہیں تاہم انہوں نے تو وہاں جہاں ان کی جماعت پوری حکومت کے مزے لے رہی ہے احتساب بیورو کے دفتر کو تالے لگوا دئیے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے لوگ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کی سیاست سے بری طرح مایوس ہو چکے ہیں۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان یہ بھی جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کی جماعت کی صوبائی حکومت نے اپنے حکومتی صوبے میں اربوں درختوں کے منصوبے مکمل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں تعلیم کا شعبہ بھی زوال کا شکار ہے لیکن پی ٹی آئی کی قیادت اس شعبے میں بھی بہت بہتری کے دعوے کرتی ہے جن کی کوئی حقیقت نہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں عمران خان کے کزن اسکائپ کے ذریعے ہیلتھ پالیسی چلا رہے ہیں جبکہ مستقبل میں اربوں درختوں کے منصوبے سمیت خیبرپختونخواہ میٹروبس منصوبے میں بھی بڑی کرپشن سامنے آئے گی۔ امیر مقام نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے دھرنوں اور سڑکوں پر احتجاجی سیاست متعارف کرانے کے سوا اور کچھ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں لوگ کارکردگی کی بنیاد پر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے اور وہی فیصلہ کریں گے کہ ملک پر حکمرانی کون کرے گا۔