117

عوامی نیشنل پارٹی کا عام انتخابات میں سولو فلائٹ کا اعلان

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی نے اگلے الیکشن میں سولو فلائٹ کااعلان کرتے ہوئے باچاخان کی برسی کی تقریب سے انتخابی مہم شروع کرنے کابھی فیصلہ کیاہے باچا خان اور خان عبدالولی خان کی برسی کی مرکزی تقریب21جنوری2018کو پشاور میں منائے جائے گی

اس موقع پر ایک تاریخی جلسہ عام کا انعقاد کیا جائیگا ،اس بات کا فیصلہ اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کی زیر صدارت باچا خان مرکز میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ،

اس مو قع پر پارٹی کے تمام اضلاع بشمول فاٹا و ایف آرز کے صدور و جنرل سیکرٹریز سمیت آئندہ عام انتخابات کیلئے نامزد امیدواروں نے بھی شرکت کی،اجلاس میں باچا خان اور ولی خان بابا کی برسی تقریبات اور آئندہ الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور زیر غور آئے ،

اس موقع پر اہم تجاویز بھی سامنے آئیں جن کی روشنی میں برسی کی مرکزی تقریب مورخہ21جنوری 2018کو پشاور میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ، صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے برسی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں صوبائی جنرل سیکرٹری کی سربراہی میں ایک 11رکنی انتظامی کمیٹی تشکیل دی ،

الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اے این پی تنہا میدان میں اترے گی اور تاحال کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد کا فیصلہ نہیں کیا گیا ،

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا انتخابی منشور بھی جلد جاری کر دیا جائے گا اور برسی کی تقریب کے ساتھ ہی اے این پی اپنی انتخابی مہم کا آغاز بھی کر دے گی ،اجلاس میں شہید امن بشیر احمد بلور کی 5ویں برسی کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا ، ان کی برسی 22دسمبر2017کو وزیر باغ گراؤنڈ میں منائی جائے گی