368

زراعت تربیتی مرکز حملہ کاایک اور سہولت کار گرفتار

پشاور۔محکمہ انسداد دہشتگردی پشاور نے ایگریکلچر انسٹیٹیوٹ پر دہشت گرد حملہ کے ایک اور سہولت کار کو گرفتار کرلیا ہے جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے واضح رہے کہ یکم دسمبر 2017 کو 3 نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے یونیورسٹی روڈ پر زراعت کے تربیتی مرکز پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں 8 طلباء سمیت 9 افراد شہید جبکہ 23 طلباء سمیت 29 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور ایک میڈیا کا نمائندہ بھی شامل تھا۔

آپریشن کے دوران پولیس نے تمام 3 حملہ آوروں کو ماردیا تھا جبکہ انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔انسداد دہشت گردی حکام کے مطابق واقعے کے بعد دہشت گردوں کی شناخت اور انہیں معاؤنت فراہم کرنے والے افراد کی تلاش شروع کردی گئی تھی جس کے دوران گزشتہ ماہ ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا تھا۔

جبکہ ہفتہ کے روز حملہ آوروں کے ایک اور سہولت کار محمد یاسر ولد غفار خان ساکن سالار زئی باجوڑ ایجنسی کو پشاور کے علاقہ لڑمہ کیمپ سے گرفتار کرلیا ہے۔حکام کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جس سے سنسنی خیز انکشافات متوقع ہے۔