200

نواز شریف کا نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار

اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں دو ضمنی ریفرنسز کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) حکام کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ نیب نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں دائر ان 2 ضمی ریفرنسز میں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے 10 فروری کو طلب کیا تھا جو بعدِ ازاں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جمع کرائے جائیں گے۔

نیب راولپنڈی حکام نے 10 فروری کو ساڑھے 4 بجے تک سابق وزیراعظم کا انتظار کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

نیب حکام کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں ضمنی ریفرنس کے سلسلے میں نواز شریف کی عدم پیشی پر اس ریفرنس کو احتساب عدالت میں دائر کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ ضمنی ریفرنسز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا جہاں نواز شریف اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف نیب کی جانب سے کرپشن ریفرنسز کی سماعت جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 22 جنوری کو سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف لندن میں ایون فیلڈز اپارٹمنٹس سے متعلق ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کردیا گیا تھا۔

30 جنوری کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر نیب کے ضمنی ریفرنس سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے منظور کر لیا۔