270

مراکز صحت کو ڈیڑھ کروڑ کے آلات فراہم کرنیکا فیصلہ

پشاور۔سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے پشاور کے مراکزصحت کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے آلات فراہم کرنے کافیصلہ کرلیا‘ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہواجس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر اور جماعت اسلامی کے ڈسٹرکٹ ممبر خالد وقاص چمکنی ‘ ڈی ایچ او پشاور ڈاکٹر گل محمد ‘ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین وڈسٹرکٹ ممبر شمس الباری اور غیر سرکاری تنظیم ہیلپنگ ہینڈ کے نمائندہ وفد نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ضلع ناظم کو بریفنگ دیتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر خالد وقاض نے بتایا کہ ضلع ناظم کی ہدایات کے مطابق پشاور کے تمام مراکز صحت آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز سے انکی ضروریات معلوم کی جاچکی ہے اور مکمل لسٹ غیر سرکاری تنظیم ہیپلنگ ہینڈ کو فراہم کردی گئی تھی جس پر مراکز صحت کی ڈیمانڈ کے مطابق ڈیڑھ کروڑ روپے کی آلات خریدی جاچکی ہے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20 فروری کو ضلع ناظم آفس میں تقریب کا انعقادکیا جائیگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے مراکز صحت کو سامان کی مفت فراہمی کیلئے ہیلپنگ ہینڈ کا شکریہ اداکیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدرو ڈسٹرکٹ ممبر خالد وقاض چمکنی کی کوششوں کو سراہا ضلع ناظم کاکہناتھاکہ غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے سکولوں اور مراکز صحت کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں انہوں نے دیگر غیر سرکاری تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ پشاور کی تعمیر وترقی میں ضلعی حکومت کا ساتھ دیں ۔