152

مردان میں اے این پی کی اہم وکٹ گر گئی

پشاور۔مردان میں عوامی نیشنل پارٹی کی ایک بڑی اور اہم وکٹ گر گئی ۔ حلقہ پی کے 25مردان سے تعلق رکھنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سابقہ وزیر اور ممبر صوبائی اسمبلی غنی داد خان مرحوم کے بھائی امیر فرزند خان اپنے خاندان، ورکروں اور دوستوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ ممبر گڑھی دولت زئی اسفندیار خان کی زیر صدارت امازو گڑھی مردان میں ایک جلسے میں صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، صوبائی وزیر صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی اور ممبران قومی اسمبلی علی محمد خان اور مجاہد خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو پارٹی ٹوپیاں پہنائی جلسے سے ممبران قومی اسمبلی علی محمد خان ، مجاہد خان اور ضلعی کونسل کے اراکین نے بھی خطاب کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے امیر فرزند خان اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی شمولیت سے پاکستان تحریک انصاف مزید مستحکم ہوجائیگی جو لوگ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں وہ اس کرپٹ نظام کے خلاف ہیں اور جتنے بھی نظریاتی ورکرز ہیں اور ملک و قوم کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں وہ عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں کیونکہ عمران خان امید کی آخری کرن ہے جو کہ پاکستان کو ایک کامیاب ملک بنا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منشور پر قائم ہیں۔

ہم نے صوبے میں امن قائم کیا ۔ اداروں کی بحالی یقینی بنائی اور صوبے میں کرپشن کو ختم کیا ۔شہرام خان ترکئی نے بھی عوامی نیشنل پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان کا جنازہ صوابی سے نکال دیا ہے ۔ چارسدہ میں بھی یہ پارٹی ختم ہوچکی ہے اور اب مردان والوں نے بھی ثابت کیا کہ یہ پارٹی پوری طرح ختم ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں حکومت بنائیگی۔