114

جہانگیر ترین تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

سپریم کورٹ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے چکی ہے جس کے بعد جہانگیر ترین نے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ روز عمران خان نے جہانگیر ترین کو بطور پارٹی کے جنرل سیکریٹری کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی جب کہ آج دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔عمران خان اہل اور جہانگیر ترین تاحیات نااہل قرار، سپریم کورٹ کا فیصلہ

 جہانگیر ترین تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں اور انہوں نے اپنا تحریری استعفیٰ عمران خان کو پیش کردیا۔

استعفے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان سمیت سخت احتساب کا سامنا کیا اور دونوں سرخرو ہوئے، نااہلی تکنیکی بنیادوں پر ہوئی، عدالتی فیصلے پر سرخم تسلیم کرتا ہوں، اخلاقی طور پر پارٹی عہدہ رکھنا مناسب نہیں۔

جہانگیر ترین نے اپنے استعفے میں مزید لکھا کہ ’اپنی سیاسی زندگی اور تحریک انصاف پر فخر ہے، عمران خان کی قیادت اور دوستی اثاثہ ہے جو مرتے دم تک برقرار رہے گی‘۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کو سب سے بڑی سیاسی قوت بنایا، اس دوران پارٹی کارکنان کی بے پناہ محبت اور حمایت حاصل رہی جس پر ان کا شکر گزار ہوں،امید کرتا ہوں کہ عمران خان استعفیٰ قبول کریں گے۔

جہانگیر ترین نے اپنے استعفے میں لودھراں کا بھی ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ لودھراں کے عوام کے شکر گزار ہوں جنہوں نے انہیں اپنا لیڈر چننے کا اہل سمجھا۔