138

ٹکٹ دینے کا اختیار فاروق ستار ہی رکھتے ہیں، الیکشنکمیشن

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو فاروق ستار سے انتخابی امیدوار کو ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار واپس لینے سے متعلق خط لکھا ہے تاہم الیکشن کمیشن حکام نے کہا ہے کہ  ٹکٹ دینے کا اختیار فاروق ستار ہی رکھتے ہیں۔

پی آئی بی کالونی میں رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا آج شام 5 بجے اپنی رہائش گاہ پر پارلیمینٹیرینز کا اجلاس طلب کیا ہے جس کے بعد بہادرآباد میں قائم ایم کیو ایم کے عارضی مرکز جاؤں گا جہاں آج شام 7 بجے بحیثیت سربراہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بہادرآباد میں قائم عارضی مرکز میں میری سربراہی میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلےکریں گے تاہم مذاکرات کا تاثر دینا غلط ہے، ایسی صورتحال میں مخالفین پراپیگنڈہ کرتے ہیں جب کہ اختلاف رائے کا سب کو حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کسی بھی غلطی کا ذمہ دار سربراہ ہوتا ہے لہذا ذمہ داریاں زیادہ ہوں تو سربراہ کے اختیارات بھی زیادہ ہونے چاہیئے جب کہ میرے خلوص پر کسی کو شک کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور آئندہ اختلاف جتنا بھی شدید ہو میڈیا پر نہیں آئے گا۔