277

مردان میں طالب علموں کیلئے ’درشل کمیونٹی لیب ‘کا افتتاح

پشاور۔صوبائی وزیر صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی اور صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے مردان میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے بنائے گئے مرکز "درشل کمیونٹی لیب"کا افتتاح کیا افتتاحی تقریب میں ایم پی اے زاہد درانی ، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے علاوہ سرکاری افسروں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ہمارے ہاں بے روزگاری کا مسئلہ بہت سنگین ہوچکا ہے ۔ ہر کوئی نوکری کی تلاش میں رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ "درشل" نوجوانوں کی رہنمائی اور گرومنگ کرکے انہیں اپنا ڈیجیٹل کاروبار شروع کرنے کے قابل بنا کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑ ا کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ "درشل" سوات ، پشاور اور دوسرے اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائیگا ۔

عاطف خان نے خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا 60 فی صد یوتھ ہے اور یہ نوجوان یہاں سے ضروری ٹریننگ اور آئیڈیا ز لیکر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں تعلیم اور روزگار کے اہم مسائل اس کمیونٹی لیب کی قیام سے حل ہوجائیں گے۔ اور جن نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے اور اپنے لئے اور ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہو تو یہاں پر ان کو سازگار ماحول اعلیٰ تربیت اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی