131

خیبر پختونخوا میں جیو میپنگ تکمیل کے آخری مراحل میں 

اسلام آباد ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور سندھ میں طے شدہ طریقہ کار کے تحت تمام مدارس کی جیو میپنگ مکمل کر لی گئی جبکہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں میں جیو میپنگ کا عمل تکمیل کے مراحل میں ہے۔ نیکٹا کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے جاری جائزہ 2017ء کے مطابق مدارس کی جیومیپنگ کیلئے خیبر پختونخوا میں 95 فیصد، بلوچستان میں 80 فیصد اور فاٹا میں 90 فیصد کام ہو چکا ہے۔ 

اس کے علاوہ تمام مذہبی عبادت گاہوں کی جیو میپنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ جائزہ رپورٹ میں کہا گیا کہ اندازوں کے مطابق ملک میں دینی مدارس کی تعداد 22 ہزار سے زائد ہے۔ علاوہ ازیں نیکٹا کی جانب سے غیرقانونی مدارس کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اتحاد تنظیم المدارس پاکستان کے ساتھ مشاورت کے بعد مدارس ڈیٹا اور مدارس رجسٹریشن کے دو علیحدہ فارم تیار کئے گئے ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی حکومتوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ بھی مشاورت کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ کی ہدایات کے تحت نیکٹا نے صوبوں سے مرتب کردہ فارموں کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر ڈیٹا جمع کر کے رپورٹ پیش کرنے کی درخواست کی تھی۔ اسی طرح نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں بارے میڈیا کوریج اور دوسرے نفرت انگیز مواد کی اشاعت پر پابندی سے بھی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔