109

نواز شریف نے احتساب عدالت کا حکم نامہ چیلنج کردیا

اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کا 2 فروری کا حکم نامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔سابق وزیراعظم نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے 2 غیر ملکی گواہوں کا بیان ریکارڈ کرنے سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

درخواست میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ، چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔اس سے قبل ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر نے بھی غیرملکی گواہوں کے بیان ویڈیو لنک کے ذریعے قلمبند کرنے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔
خیبر پختونخوا کی پولیس میں پیشہ ورانہ صلاحیت موجود ہے ٗ ‘ عمران خان

اسلام آباد ۔ سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ پولیس پروفیشنل ہے‘ وزیراعلیٰ پولیس کو قانون توڑنے کے احکامات نہیں دے سکتا‘ شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے ذریعے 14 معصوم لوگوں کا قتل عام کرایا‘ سابق انکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کے مطابق شہباز شریف لوگوں کو ماورائے قانون قتل کرانے میں ملوث ہیں۔

جمعرات کو عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خیبرپختونخواہ پولیس الگ اس لئے ہے کیونکہ وہ پروفیشنل ہے وزیراعلیٰ پولیس کو قانون توڑنے کے احکامات نہیں دے سکتا۔ کسی کو شک نہیں کہ کس نے ماڈل ٹاؤن میں 14 معصوم شہریوں کا قتل عام کرایا یہ وجہ ہے کہ لوگ پنجاب پولیس سے خوفزدہ ہیں۔ سابق انکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کے مطابق شہباز شریف لوگوں کو ماورائے قانون قتل کرنے میں ملوث ہیں۔ سبزہ زار کیس میں پولیس نے شہباز شریف کے حکم پر پانچ جوانوں کو قتل کردیا اور قاتل کو پکڑا نہ جاسکا۔