251

فرائض میں غفلت برتنے پر اسسٹنٹ بلڈنگ انسپکٹر معطل

پشاور۔ٹاؤن ون انتظامیہ نے سکندرپورہ میں تاریخی درخت کی حفاظت میں غفلت برتنے پر اسسٹنٹ بلڈنگ انسپکٹر کومعطل اورگارڈن سپرٹینڈنٹ کونوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی ہے جبکہ متعلقہ مقام پر تعمیراتی کام بندرکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹاؤن آفیسرانفرا سٹرکچرعمران ہلال نے سکندرپورہ درخت کی انکوائری مکمل کرکے رپورٹ ٹی ایم او ارشدعلی زبیرکو ارسال کی،رپورٹ میں کہاگیاکہ ساٹھ سالہ پرانے درخت کوتحفظ دینے میں متعلقہ اسسٹنٹ بلڈنگ انسپکٹرناکام ثابت ہواہے،جبکہ گارڈن سپرٹینڈنٹ کی طرف سے بھی سستی کامظاہرہ کیاگیاہے،جن کی غفلت کے باعث تناوردرخت کوصفحہ ہستی سے مٹاکربغیرنقشہ پاس کئے تعمیراتی کام شروع کردیاگیااورہزاروں روپے مالیت کا درخت بھی غائب کردیاگیا۔

غفلت کے مرتکب اہلکاروں پربرہمی کااظہارکرتے ہوئے ٹی ایم اوٹاؤن ون ارشدعلی زبیرنے اسسٹنٹ بلڈنگ انسپکٹرکومعطل اورگارڈن سپرٹینڈنٹ سے درخت گمشدگی کی وضاحت طلب کرلی ہے،ٹی ایم اوٹاؤن ون نے ہزاروں روپے مالیت کے درخت کی برآمدگی کاٹاسک ٹی او آئی کوسونپ دیاہے،درخت کی برآمدگی تک اراضی پرتعمیراتی کام بندرکھنے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔