246

نوجوانوں کو باروزگار بنانے کیلئے یوتھ پروگرام شروع

پشاور۔خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کردہ یوتھ ایمپیکٹ چیلنج پروگرام کے پہلے بیچ کے 40نوجوان فروری کے اختتام تک خودروزگار سکیم کی بدولت اپنا کام شروع کرسکیں گے۔خیبر پختونخوا کے محکمہ یوتھ افئیرز کی جانب سے صوبے میں نوجوانوں میں شرح بے روزگاری کو کم کرنے انھیں ذاتی کاروبار وروزگار کے اجراء میں معاونت فراہم کرنے کے لیے 500ملین روپے کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس میں نوجوانوں کو روزگار کے بہتر اور قابل عمل تجاویز پیش کرنے کے بعد گرانٹ فراہم کی جائے گی۔

ڈائریکٹر محکمہ یوتھ افئیرز اسفندیار خٹک کے مطابق خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افئیرز کی لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کی معاونت سے شروع کردہ یوتھ ایمپیکٹ چیلینج پروگرام میں ایک ہزار سے زائد نوجوانوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں درخواست گزار وں میں کامیاب امیدواروں کا انتخاب لمزکے ماہرین پر مشتمل ٹیم انٹرویو کے بعد کرے گی جسکے بعد فروری کے وسط میں پروگرام کا باقاعدہ آغاز متوقع ہے۔ نوجوانوں کو انٹرپرینیورز کامیابی سے چلانے کے لیے لمز کے تکنیکی ماہرین تربیت فراہم کریں گے،،مارکیٹ سٹڈی،کاروباری روابط پروان چڑھانے اور دیگر اہم رموز کے بارے میں نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔

ڈائریکٹر یوتھ افئیرز کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے کاروبار کی نوعیت اور صلاحییتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی گرانٹ کا فیصلہ کیا جائے گا،اس ضمن میں 5سے 20 لاکھ روپے تک کی گرانٹ انفرادی طور پر دی جاسکے گی جبکہ گرانٹ یکمشت نہیں بلکہ قسط وار ادائیگی کی صورت میں ملے گی۔نوجوانوں کوپشاور کے آئی ایم سائنسز میں نوروزہ تربیت کے فوری بعد پہلی قسط مہیا کردی جائے گی تاکہ عملی طور پر کام کا آغاز ہو۔

انکا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مثبت پہلو یہ ہے کہ کاروبار شروع کرنے والے نوجوان اپنے ساتھ ایک یا دو نوجوانوں کو باقاعدہ تنخواہ پر ملازمت فراہم کریں گے،جس سے سینکڑوں نوجوانوں کو بے روزگاری سے چھٹکارا ملے گا۔ڈائریکٹر یوتھ افئیرز اسفندیار خٹک کے مطابق پروگرام محکمہ یوتھ افئیرز کی یوتھ ڈویلپمنٹ پالیسی کا حصہ ہے جس میں صوبے کے نوجوانوں کی شرح بے روزگاری کے انسداد کے لیے خودروزگار سکیمز کو اہمیت دی گئی ہے۔