232

ڈینگی کے سدباب کیلئے مؤثر ا قدامات کی ہدایت

پشاور ۔ خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری اعظم خان نے محکمہ صحت، محکمہ بلدیات اور محکمہ اطلاعات سمیت مختلف محکموں اور صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی کے خلاف اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کا موافق سیزن شروع ہونے سے قبل ہی صوبے میں اس مرض کے سدباب کے لیے موثر انتظامات اور اقدامات کیے جائیں۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے سدباب کے لیے معاشرے کے تمام افراد کو مشترکہ طور پر ذمہ داری نبھانی ہوگی،عوام میں شعور و آگاہی اجاگر کے لیے موثر طریقہ کار کو اختیار کرکے بروقت انسداد یقینی بنانا چاہیئے۔ وہ پشاور میں محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی ریسپانس یونٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے سیکرٹری عابد مجید کی جانب سے شرکاء کو ڈینگی ریسپانس یونٹ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ صوبے کے مختلف ڈویژنل کمشنران، ڈپٹی کمشنرز،سیکرٹری بلدیات ،سیکرٹری اطلاعات سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈینگی کے سدباب کے لیے مختلف محکمہ جات اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ اقدامات ضروری ہیں،گزشتہ برس پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے کیسز سامنے آنے کے بعد انٹامولوجسٹس کے تعاون سے ڈینگی کے لاروا کے افزائش مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ ہائی رسک یونین کونسلز اور اضلاع کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ صوبے کے دیگر محکموں کو بھی اس مرض کے بروقت قابو کے لیے اقدامات اٹھانے ہونگے۔محکمہ صحت نے ڈینگی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ چکن گونیا اور یکا وائرس کے خلاف بھی اقدامات کے لیے لائحہ عمل ضلعی انتظامیہ کو بھیجا ہے،عملے کے لیے انسداد ڈینگی کے حوالے سے تربیتی عمل بھی مکمل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے تمام محکموں کو ڈینگی کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ معاونت اور عوامی آگاہی اقدامات کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ بروقت اقدامات میں مضمر ہے،تمام محکمے اس بارے میں ایک ہفتے میں اپنا لائحہ عمل مرتب کریں۔

عوام کو اس مسئلے کی سنگینی سے آسان فہم انداز میں آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ شہری خود بھی حفاظتی انتظامات کے بارے میں باشعور ہوں۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں مساجد کے علماء کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے جبکہ سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی اس بارے معلومات فراہم کی جائیں تاکہ معاشرے کا ہر فرد اس مسئلے پرشعور وادراک رکھے ۔چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کی جانب سے وضع کیے گئے ڈینگی انسداد منصوبہ بندی کو تمام محکموں اور اضلاع کو ارسال کرنے کی بھی ہدایات جاری کی جائیں۔چیف سیکرٹری اعظم خان نے پشاور میں ڈینگی سدباب کے انتظامات پر خصوصی توجہ کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ پشاور میں انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت، ضلع ناظم ، ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر متعلقہ محکمے اجلاس منعقد کریں۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے محکمہ اطلاعات کو ڈینگی کے خلاف عوامی آگاہی و شعور اجاگر کرنے کے لیے موثر و بھرپور مہم چلانے کی ہدایات بھی دیں۔