213

فاٹا میں 3بلین روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

پشاور ۔ گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے فاٹا میں تعلیم ، مواصلات ، آبنوشی اوردیگر شعبوں میں تقریباٌ 3 بلین روپے کے متعددترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبے مختص شدہ بجٹ میں اور مقررہ وقت کے اندر اندر مکمل کئے جائیں۔ وہ بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں فاٹاڈویلپمنٹ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سکندرقیوم،سیکرٹری سوشل سیکٹرڈیپارٹمنٹ فاٹا،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فاٹا محمدزبیر اصغرقریشی،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرمنیراعظم اورفاٹاسیکرٹریٹ کے دیگرانتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں قبائلی علاقہ جات میں مختلف منصوبوں سے متعلق گورنرکو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں تعلیم کے مد میں گورنرخیبرپختونخوا کی اعلان شدہ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت 1302.977 ملین روپے کی منظوری دی جس کے تحت تمام سرکاری سکولوں کے پہلی جماعت سے لیکربارھویں جماعت تک کے طلباء کو مفت درسی کتب ، قبائلی طلباء کو مفت تعلیم کی فراہمی اور کیڈٹ کالج وانا کی تعمیر شامل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری تعلیم فاٹا کو خصوصی طور پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتربنانے ، تعلیمی نتائج میں مزیدبہتری لانے اور تعلیمی پالیسی میں فاٹا کے انضمام کی روشنی میں مناسب اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

فاٹا میں سڑکوں اورپلوں کی تعمیر، مواصلات کی تعمیرنو، بحالی اوربہتری کیلئے 981.064 ملین روپے کی منظوری دی گئی جبکہ آبنوشی اور دیگرواٹرسپلائی سکیم کیلئے 311.110 ملین روپے اورفاٹا میں سیاحت کے فروغ کیلئے فاٹا میں 8 منتخب کردہ مقامات کیلئے 397.699 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار اورفنڈز کے استعمال میں شفافیت کویقینی بنائیں اورتمام ترقیاتی منصوبوں کوبروقت مکمل کیاجائے۔انہوں نے اس موقع پرمتعلقہ حکام کویہ ہدایت بھی کی کہ تمام منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق انہیں ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ پیش کئے جائیں۔