190

ٹاؤن 2میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف

پشاور۔ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن ٹاؤن 2کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (بی سی اے ) میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے انکشاف پر ٹی ایم او سے وضاحت طلب کرکے ایکسین سے چارج واپس لے لیا گیا جبکہ 2بلڈنگ انسپکٹروں کو معطل اور 2کو فیلڈ ڈیوٹی کے لئے نااہل قرار دیدیا گیا بی سی اے میں نقشہ جات سمیت دیگر محاصل کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں ایس ڈی او کو بی سی اے کا اضافی چارج دیدیا گیا ۔

ناظم ٹاؤن 2فرید اللہ خان کافور ڈھیری کے مطابق بی سی اے سمیت ٹی ایم اے کے تمام شعبوں میں کرپٹ اور نااہل افسروں اور اہلکاروں کی کوئی جگہ نہیں ٗ بی سی اے میں ایمانداری سے کام کیا جائے تو صرف نقشہ جات کے محاصل سے پورے ٹی ایم اے کی تنخواہیں نکل سکتی ہیں تاہم فرض شناس افسروں و اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ لاکھوں روپے صرف نقشہ جات کی مد میں وصول کئے جا رہے ہیں لیکن ٹی ایم او اور بی سی اے کا عملہ اس کی رپورٹ تک پیش نہیں کرتا لہٰذا ٹی ایم او سے وضاحت طلب کر لی ہے جبکہ مذکورہ صورتحال کو سیکرٹری بی سی اے اور سیکرٹری بلدیات کو بھی خط لکھوں گا انہوں نے بی سی اے کو ہدایت کی کہ وہ ہفتہ وار رپورٹ ارسال کیا کریں جبکہ گزشتہ برسوں کی بھی مفصل رپورٹ بھجوائی جائے ۔