121

اشیاء خورد و نوش کے نرخنامے موبائل ایپ پر دینے کافیصلہ 

پشاور۔صوبائی حکومت نے عوام کی سہولت کے لئے روزمرہ استعمال کی اشیاء جن میں پھل اور سبزیاں شامل ہیں کے نرخنامے مخصوص موبائل اپلیکیشن پر دستیاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کو مخصوص ذمہ داری سونپی ہے کہ صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو خصوصی تربیت اور نرخ کے حوالے سے ویڈیوز کو ویب سائٹ پر اپلوڈ کریں۔

اس کے علاوہ تمام ڈپٹی کمشنروں کو ان کے یوزر نیم اور پاسورڈ ڈی سی وٹس ایپ گروپ پر بھی پہلے ہی سے مہیا کئے جاچکے ہیں جو کہ ڈپٹی کمشنر ڈیش بورڈ پر دستیاب ہونگے۔ تما م ڈپٹی کمشنروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ دو دنوں کے اندر اس امر کو قابل یقین بنایا جائے اور اس کی رپورٹ پی ایم آریو کو ارسال کی جائے اس اپلیکیشن کے ذریعے تمام روزمرہ کی اشیاء بشمول پھل اور سبزیوں کے نرخوں کا تعین کیا جائے گا۔

متعلقہ افسران اپنے مخصوص آئی ڈی سے لاگن ہوکر مارکیٹ میں اشیاء کے نرخنامے اور تصاویر وغیرہ اپلوڈ کرسکیں گے۔تمام ڈپٹی کمشنرز ان تمام متعلقہ افسران جو کہ پرائس کنٹرول کے لئے مختص کئے گئے ہیں کی روزانہ ،ہفتہ وار اور ماہانہ کارکردگی کوان کے ڈیش بورڈ پر دیکھ کر رپورٹ کی شکل میں پی ایم آر یو کو ارسال کریں گے۔