92

پوری قوم مقبوضہ کشمیر کیساتھ ہے: نواز شریف

مظفرآباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تمام بچوں، مجاہدین، بیٹوں، بیٹیوں کو کہنا چاہتا ہوں اپنے آپ کو اکیلا محسوس نہ کرنا، پوری قوم پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی ، آج بھی ہے اور آنے والے کل بھی ساتھ ہوگی۔

نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح لوگ ظلم برداشت کر رہے ہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے دلوں کی دھڑکن آپ کے ساتھ ہے، آپ کے قدم سے قدم ملا کر ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بہادری اور جرأت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں، آپ کا کوئی بال بیکا نہیں کرسکتا، آزادی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی، ہر فورم پر کشمیریوں کی بات کی ہے،کل بھی فرض انجام دیتے رہے اور جہاں جہاں ممکن ہوا کشمیریوں کا مسئلہ اٹھاتے رہیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما اسٹیج پر موجود۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نااہل قرار دے دیا گیا ہوں، دل بہت دکھی ہے، دلی خواہش تھی اور آج بھی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرتا رہوں، کوئی فیصلہ اس رشتے کو نہیں توڑ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کے خلاف اس طرح کے فیصلے نہ آتے تو سب کے پاس با عزت روزگار ہوتا، سب کو رہنے کے لئے گھر ملتا اور لوگوں کو سستا و فوری انصاف ملتا، ہمارے پاس بہت پروگرام تھے جن پر پانی پھر گیا۔

نواز شریف نے کہا 'پاکستان سے نااہل ہوگیا ہوں لیکن آزاد کشمیر کے لئے اہل ہوں، یہاں تو نااہل نہیں ہوا، جب تک وہاں فیصلہ نہیں ہوتا میری ڈیوٹی یہاں لگنی چاہیے، وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر کے چپے چپے پر جا کر لوگوں کی خدمت کروں گا'۔

عموماً جلسوں میں مریم نواز اپنے والد کے بعد خطاب کرتی ہیں لیکن مظفرآباد جلسے میں نواز شریف کے بعد مریم نواز نے خطاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو زخم مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو لگتے ہیں وہ ہمارے جسم پر لگتے ہیں،کشمیریوں کی آواز کو گولیوں سے نہیں دبایا جا سکتا۔