229

نقیب اللہ قتل ‘تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے 

اسلام آباد ۔آل پختون قومی جرگہ میں اپوزیشن جماعتیں قبائل کے ساتھ متحد ہوگئیں ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق قبائلی دھرنا میں پہنچ گئے ،جعلی پولیس مقابلوں کے خلاف قبائل کے ساتھ مکمل تعاون اور حمایت کا اعلان کردیا ، قائدین نے اعلان کیا ہے کہ پورا پاکستان قبائل کے ساتھ ہے عمران خان نے قبائلی عوام کو حقوق دینے کیلئے چیف آف آرمی سٹاف سے اپیل کردی ہے ۔

دھرنا میں خون کا بدلہ خون کے بینرزلگ گئے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سمیت ہر سطح پر قبائل کے حقوق کی آواز کو موثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔ اپوزیشن کے دونوں قائدین نے ا توار کو دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر روپوش معطل ایس ایس پی راؤ انوار کی گرفتاری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا ۔

دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے نقیب قتل کیس میں راؤ انوار کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ راؤ انوار نے نقیب اللہ نہیں بہت سے لوگ قتل کئے۔را انوار نے صرف نقیب اللہ کا نہیں بلکہ دیگر لوگوں کا بھی قتل کیا۔انہوں نے دھرنا کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اکیلے نہیں پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے اور وہ خود ان کے ساتھ مل کر را انوار کو ڈھونڈیں گے۔ 

عمران خان نے وعدہ کیا کہ وہ قبائلیوں کے مطالبات آرمی چیف تک پہنچائیں گے۔ نقیب اللہ محسودکو جیسے قتل کیا گیا ایسے ہی کراچی میں کئی لوگ مارے گئے، میں کوشش کرتا رہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کروں۔ نقیب اللہ محسود کے قتل کے حوالے سے آپ کے مطالبات درست ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں فوج نہیں بھیجنی چاہیے تھے امریکی جنگ میں شامل ہونے کا فیصلہ غلط تھا ۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں کبھی امریکا کی جنگ میں شرکت نہیں کرنی چاہیے تھی، اس جنگ کی مخالفت کرنے پر مجھے طالبان خان کا نام دیا گیا۔ پرویز مشرف تاریخ پڑھ لیتے تو قبائلی علاقوں میں فوج نہ بھیجتے، ڈرون حملے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔وزرا ء کو فاٹا اور پختونخوا بھی پتہ نہیں چلتا ہے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں ضم ہونا ضروری ہے، جو ایسا نہیں چاہتا وہ فاٹا کے عوام کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتا۔ 

حکومتی وزرا کو اندازہ ہی نہیں کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کے مسائل کیا ہیں، کوشش کروں گا کہ فاٹا کا جلد از جلد پختونخوا کے ساتھ الحاق ہو، ہم فاٹا کے الحاق کے لیے پوری طرح مہم چلائیں گے۔عمراں خان نے کہا کہ میں نے 2003سے لے کر آج تک ہمیشہ کہا ہے کہ امریکہ کی جنگ میں شرکت کرنے سے ہم نے اپنے ملک سے جرم کیا ۔