275

باریاں بانٹنے والوں کا دور ختم ہوچکا ہے‘ پرویز خٹک 

پشاور۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت باریاں بانٹنے والوں کا دور ختم ہوچکا ہے اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے 2018 کے انتخابات میں عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے اور وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائیں گے تحریک انصاف اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے منشو رپر عمل کیا۔ خیبرپختونخوا میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔ اب عوام روٹی، کپڑا، مکان پختون اسلام او ر قائد اعظم کے روشن پاکستان پر دھوکہ نہیں کھائیں گے نوازشریف کاپشاور کا پا ور شو ناکام رہا عوام نے ان سب کو مسترد کردیا ہے۔ کیونکہ انہوں نے ہمیشہ منشور پیش کرکے عوام کو دھوکہ دیا۔ اے این پی کے تینوں اقتدار عوام کو معلوم ہیں پہلے اقتدار میں عوام کو کفن کا کپڑا نہیں مل رہاتھا۔ دوسرے اقتدار میں آٹا غائب اور تیسرے اقتدار میں کرپشن لوٹ کھسوٹ اور دہشت گردی سے عوام کو دوچار کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنے پانچ سالہ دور میں اسلام کی کیاخدمت کی سیاسی مولویوں نے ہمیشہ اسلام آباد کی سیاست کی اس ملک میں اب نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔نواز شریف نوشہرہ آکر پاکستان تحریک انصاف کے ایک حلقہ کا جلسہ دیکھ لیں پشاور میں انھوں نے تو پورے صوبے کا جلسہ منعقد کیا۔اب عوام باشعور ہو چکے ہیں پختون، روٹی ،کپڑا، مکان، اسلام اور قائد اعظم کے پاکستان پر عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کا وقت گزر گیا۔ اسفندیار ولی خان، آصف علی زرداری، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن کی حقیقت عوام پرعیاں ہو چکی ہے یہ لوگ کس منہ کے ساتھ عوام کا سامنا کریں گے ۔ نوجوان عمران خان کے سپاہی ہیں ۔ پی ٹی آئی کامقابلہ ممکن نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے رشکئی میں ایک بڑے عوامی جلسے اور بدرشی عیسیٰ خیل میں محمد رزاق خان کے اپنے پور ے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کا کا خیل ، ضلع ناظم لیاقت خٹک ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ملک ابرار خان، نہار خان گلریز خان، امجد اعظم عرف قائد اعظم نے بھی خطاب کیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا کے عوام سے منشور میں جو وعدے کیے تھے اُن پر من وعن عمل جاری ہے۔ عمران خان صادق و امین ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر عمران خان نے کبھی بھی اپنی ذات کے لیے استعمال نہیں کیا۔بلین ٹریز کے سونامی میں کوئی کرپشن نہیں کی ۔انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آج غریب کا بچہ بھی وہی تعلیم حاصل کررہا ہے جو امیر کا بچہ حاصل کررہا ہے۔ آج غریب کا بچہ بھی مقابلے کی دوڑ میں شامل ہوکر اپنا لوہا منوا رہاہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام باشعور ہیں وہ کسی کے جھوٹے وعدوں اورنعروں میں نہیں آئیں گے ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کرپٹ اشرافیہ کے خلاف کھڑا ہے اس نے عوام کو شعور دیا کہ ڈاکوؤں سے نجات کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے بدعنوان مافیا کے خلاف گھر گھر جدوجہد کی ضرورت ہے سیاسی مجرموں کے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ کوئی ان کے مقابلے میں میدان میں اُترے گا۔عمران خان کا وژن ہے کہ جب تک اوپر کی سطح پر قیادت شفاف نہیں ہو گی تب تک لوٹ مار اور چوری کا راستہ کھلا رہے گا۔