178

جولائی میں عوام نے درست فیصلہ کیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا، وزیراعظم

چترال: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جولائی میں عوام نے درست فیصلہ کرنا ہے اور اگر درست فیصلہ کیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا۔

چترال میں 'گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ' کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گولن گول منصوبے کے بعد چترال میں کبھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور یہ منصوبہ اتنی بجلی پیدا کرے گا کہ چترال کی بجلی کی ضرورت پوری ہوجائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں حکومتی وسائل کبھی یہاں تک نہیں پہنچے لیکن آج چترال سی پیک منصوبے میں شامل ہونے جارہا ہے جہاں اربوں روپے کی سڑکیں بنائی جارہی ہیں اور یہاں گیس کا مسئلہ بھی حل کیا جائےگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک درست سمت پر ڈال دیا گیا ہے،نواز شریف کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی ڈوبتی معیشت بحال ہوئی، جولائی میں عوام نے درست فیصلہ کرنا ہے اور اگر درست فیصلہ کیا گیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا۔

گولن گول منصوبہ:

گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ منصوبے سے مجموعی طور پر 108 میگاواٹ بجلی 20 اگست 2018 تک قومی نظام میں شامل ہوجائے گی جب کہ اس منصوبے کا پہلا یونٹ آپریشنل ہوگیا ہے۔

منصوبے کا دوسرا یونٹ مارچ اور تیسرا مئی میں فعال ہوگا، پہلے یونٹ سے پیدا ہونے والی 36 میگاواٹ بجلی چترال اور ملحقہ علاقوں کو فراہم کی جائےگی جب کہ منصوبے سے قومی خزانے کو 3 ارب 70 کروڑ روپے سالانہ فائدہ ہوگا۔