227

یونیورسٹی ٹاؤن کمیٹی سے کمرشلائزیشن کا اختیار واپس

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یونیورسٹی ٹاؤن کی کمرشلائزیشن کے عمل کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی ٹاؤن کمیٹی سے اختیار واپس لیتے ہوئے پشاورڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے ) کو منصوبے کا ٹاسک حوالے کر دیا پی ڈی اے یونیورسٹی ٹاؤن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جلد تکمیل سمیت کمرشلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگا ۔

لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن ٹاؤن تھری کے زیر اہتمام یونیورسٹی ٹاؤن کمیٹی (یو ٹی سی ) کو یونیورسٹی ٹاؤن کی کمرشلائزیشن کا ٹاسک حوالے کیا گیا تھا تاہم سٹاف کی کمی کے باعث منصوبہ انتہائی سست روی کا شکار ہے جس کا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نوٹس لیا ہے اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ یونیورسٹی ٹاؤن کی کمرشلائزیشن کا ٹاسک پی ڈی اے کے حوالے کیا جائے یاد رہے کہ قبل ازیں حیات آباد اور یونیورسٹی ٹاؤن میں میونسپل سروسز کی فراہمی کا اختیار ڈبلیو ایس ایس پی سے لیکر پی ڈی اے کو دیا گیا تھا ۔