222

سپریم کورٹ میں وزیراعظم کو نااہل کرنیکی درخواست دائر

اسلام آباد۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایل این جی کے معاہدے میں قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شیخ رشید نے وزیراعظم کے خلاف درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے ایل این جی معاہدے میں قوانین اور سپریم کورٹ کی ہدایات کو مدنظر نہیں رکھا ۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ معاہدے کے تحت نجی کمپنی کو یومیہ 27ملین ادا کرنے ہونگے ،غیر قانونی معاہدے کے ذریعے پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایل این جی کی خریداری کے لیے شاہد خاقان عباسی نے ایم ڈی پی ایس او پر دباڈالا ،انکار پر نئے ایم ڈی شاہد اسلام کا تقرر کیا گیا ۔اپنی درخواست میں شیخ رشید نے موقف اختیار کیا کہ قطری کمپنی پاکستان کو ایل این جی دوہزار پندرہ سے سپلائی کر رہی ہے جبکہ پی ایس او ویب سائٹ پر جاری معاہدے پر عملدرآمد آٹھ فروری دوہزار سولہ سے ہوا ۔

یہاں سوال اٹھتا ہے کہ جون دو ہزار پندرہ سے جنوری سولہ تک قیمتیں کیا تھیں ؟دررخواست میں کہا گیا کہ معاہدے کے بغیر ایل این جی کی برآمد خلاف قانون ہے ،عوامی منصوبوں کے ٹھیکے جاری کرتے وقت شفافیت ضروری ہے، لہذا عدالت بنیادی حقوق کا معاملہ قرار دیتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرے ۔شیخ رشید کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ معاہدے کے ذریعے لوٹی ہوئی رقم اور بنائے گئے اثاثے ضبط کیے جائیں ،اہل اور ایمان دار شخص کو چیئر مین اوگرا تعینات کیا جائے جبکہ وزیراعظم کو نا اہل قرار دیا جائے۔