102

نہال ہاشمی سے شریف برادران کی ناراضگی ختم 

اسلام آباد ۔پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے راولپنڈی سے پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کی اڈیالہ جیل میں توہین عدالت میں قید نہال ہاشمی کی دیکھ بھال کی ذمہ داری لگا دی ۔ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے پارٹی قائد کی ہدایات سے متعلقہ ارکان پارلیمنٹ کو آگاہ کر دیا ہے ۔ سینیٹر چوہدری تنویر خان اور ایم این اے ملک ابرار کی نواز شریف کی طرف سے ذمہ داری لگائی گئی ہے کہ وہ نہال ہاشمی کی دیکھ بھال کے لیے اڈیالہ جیل ان سے ملنے کے لیے باقاعدگی سے جاتے رہیں ۔

ان کی مکمل طور پر دیکھ بھال کریں ۔ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نے پارٹی قیادت کی ہدایات سے باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے جبکہ نواز شریف کی طرف سے جیل میں نہال ہاشمی کو پیغام بھی پہنچا دیا گیا ہے کہ پارٹی قیادت کی ان سے تمام ناراضگی ختم ہو گئی ہے ۔ یاد رہے کہ عدلیہ کے خلاف سخت تقریر پر پارٹی قیادت نہال ہاشمی سے ناراض ہو گئی تھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا تھا اسیر نہال ہاشمی سے نواز شریف ، شہباز شریف ، مریم نواز شریف سمیت تمام رہنماوں کی ناراضگی ختم ہو گئی ہے ۔