233

کروڑوں نے منتخب اور 5افراد نے نااہل قرارد یدیا،نواز شریف

کراچی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے کروڑوں لوگوں نے منتخب کیا اور 5افراد نے نااہل قرار دے دیا ۔یہ کہتے ہوئے برا لگتا ہے کہ مجھے نااہل کیا گیا ہے ۔پانچ افراد کی طرف سے منتخب وزیراعظم کو نا اہل قرار دینا کیا جائز بات ہے۔ہم نے اپنی حکومت میں بڑے مسائل حل کیے ہیں ۔ہر حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے ۔بنگالی قوم کی پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں ہیں ۔بنگالیوں کے شناختی کارڈ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کروں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پاک مسلم الائنس کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں بنگالی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ کی بنیاد ڈھاکا میں ڈالی گئی تھی ۔بنگالی قوم نے پاکستان بنانے کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ۔بانیان پاکستان کی اولادوں کی ہمیں قدر کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بنگالی کمیونٹی کے شناختی کارڈز کا مسئلہ سیاست سے بڑھ کر انسانیت کا مسئلہ ہے ۔شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے کیا مسائل ہوسکتے ہیں میں ان کو بخوبی سمجھتا ہوں ۔آپ لوگ جس حالت میں رہتے ہیں مجھے اس کا انداز ہ ہے ۔

یہ سراسر انصافی ہے کہ ایک جائز مسئلہ تاخیر کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بانیان پاکستان کی تیسری نسل ہے اور 50سال میں بھی اگر ان کو بنیادی حقوق نہیں مل رہے ہیں تو یہ بڑی زیادتی کی بات ہے ۔اگر مسلم لیگ (ن)آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوئی تو سب سے پہلے یہ مسئلہ حل کیا جائے گا ۔ہم اس حوالے سے قانون سازی کریں گے اور میں ذاتی طور پر اس انسانی مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کروں گا۔میاں نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت میں بڑے مسائل حل کیے ہیں ۔کراچی سے پشاور تک موٹر ویز کا جال بچھایاجارہا ہے ۔دنیا میں کسی ملک میں اتنا طویل موٹروے نہیں ہے ۔مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے اور آج ملک سے اندھیرے چھٹ رہے ہیں ۔

ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ بھی ہماری حکومت کا کارنامہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے برا لگتا ہے یہ کہتے ہوئے کہ مجھے نا اہل کیا گیا ہے ۔ مجھے کروڑوں لوگوں نے منتخب کیا اور پانچ افراد نے نا اہل قرار دے دیا ۔پانچ افراد کی طرف سے منتخب وزیراعظم کو نا اہل قرار دینا کیا جائز بات ہے ۔اس فیصلے سے یقیناًملک میں بے یقینی اور انتشار پھیلا ہے۔ملک میں استحکام کے لیے ہر حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چائیے ۔قبل ازیں چیئرمین پاک مسلم الائنس بچو عبدالقادر نے سابق وزیراعظم کو بنگالی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں بنگالیوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نہیں بن رہے ہیں ۔

ہماری برادری کے لوگ حج اور عمرے جیسی سعادت میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ ہم ڈھائی کروڑ ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔ایک سال سے ہمارے پچاس ہزار ماہی گیر بے روزگار بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہماری امید کی کرن ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آپ ہمارے لئے آواز اٹھائیں گے۔