227

لواری ٹاپ پر لاپتہ پی ٹی سی اہلکاروں کی تلاش جاری

پشاور۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، خیبر پختونخوا نے چترال میں واقع لواری ٹاپ پر محکمہ پی ٹی سی ایل کے اہلکاروں کی تلاش کے سلسلے میں ریسکیو1122 اور ضلعی انتظامیہ چترال کو ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے تک آپریشن جاری رہیگا ریسکیو1122 کی ٹیم مردان سے روانہ کی گئیں تھیں جو کہ تربیت یافتہ ماہر ین ہونے کے ساتھ جدید آلات سے لیس ہے امدادی کاروائیوں میں سرچ اینڈریسکیو، ایمبولنیسزاور30اہلکارحصہ لے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لواری ٹاپ چوٹی پر پی ٹی سی ایل کے تین اہلکار معمول کی مرمت کے سلسلے میں چوٹی پر واقع ٹاور میں کام کر رہے تھے کہ اچانک برفانی تودے کی زد میں آگئے۔ ضلعی انتظامیہ اور مقامی ریسکیو اہلکار نے بروقت سرچ آپریشن شروع کرتے ہوئے ایک شخص کو نکال لیا ہے جبکہ دو افراد نورالدین اور عبداللہ کی تلاش جاری ہے تینوں ملازمین کا تعلق چترال کے علاقے دروش سے ہے پی ڈی ایم اے کی ہدایت پر ریسکیو 1122 مردان سے خصوصی افراد اور ریسکیو سامان سے لیس ٹیم نے چترال پہنچ کر دونوں پھنسے اہلکاروں کی تلاش کے عمل میں حصہ لیا۔

پی ڈی ایم اے نے محکمہ موسمیات کے مطابق 31جنوری کے زلزلے کے نتیجے میں برفانی تودے گرنے کے خدشات پائے جانے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کے لئے الرٹ جاری کیا تھاپی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ چترال کو بالائی چترال میں عوام کو احتیاط برتنے اور بروقت امدادی کاموں کی ہدایت کی ہے۔ عوام رہنما ئی کے لیے پی ڈی ایم اے کنٹرول 1700 پرکسی بھی و قت رابطہ کر سکتے ہے۔